ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / میرکل نے مہاجرین کو پناہ دے کر تباہ کن غلطی کی: ٹرمپ

میرکل نے مہاجرین کو پناہ دے کر تباہ کن غلطی کی: ٹرمپ

Mon, 16 Jan 2017 21:02:13    S.O. News Service

واشنگٹن،16جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک ملین سے زائد مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے کر ایک تباہ کن غلطی کی۔نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جانب سے عراق اور شام میں جاری جنگی تنازعے سے فرار ہونے والے لاکھوں افراد کو اپنے ہاں پناہ دینے کے اقدام پر کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرکل کا یہی فیصلہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی بنیادی وجہ بنا۔عہدہ صدارت سنبھالنے سے صرف پانچ روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرکل کی جانب سے بغیر دستاویزات لاکھوں افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کی وجہ سے جرمنی کو سلامتی کے خطرات لاحق ہوئے ہیں: میرے خیال میں انہوں (میرکل)نے ایک تباہ کن غلطی کی اور ان تمام غیرقانونی تارکین وطن کو اپنے ہاں جگہ دی۔ آپ جانتے ہیں کہ اتنے افراد کو جن کے بارے میں یہ علم بھی نہیں کہ یہ کہاں سے آئے ہیں اپنے ہاں جگہ دینا درست نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج کا فیصلہ اچھا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ میرکل کی جانب سے تارکین وطن کی اتنی بڑی تعداد کو ملک میں پناہ دینے کے فیصلے نے بریگزٹ کی راہ ہم وار کی۔تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چانسلر میرکل کی بے حد عزت کرتے ہیں اور اپنی صدارت کا آغاز ان پر اعتماد سے کریں گے، تاہم انہیں یہ معلوم نہیں کہ یہ اعتبار کب تک قائم رہے گا۔

یہ بات اہم ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے سن 2015ء میں شامی مہاجرین کے لیے ملکی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح قریب آٹھ لاکھ نوے ہزار افراد نے یورپ کی سب سے بڑی اقتصادی قوت جرمنی میں پناہ کی درخواستیں دیں۔ تاہم اسی تناظر میں جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی مہاجرین اور مسلم مخالف جماعتوں کی قوت میں بھی اضافہ ہوا۔جرمن حکام کے مطابق گزشتہ برس تارکین وطن کی جرمنی آمد میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور مجموعی طور پر دو لاکھ اسی ہزار افراد نے سن 2016ء میں جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دیں۔


Share: